اڈپی 8؍مارچ (ایس او نیوز) صبح کی اولین ساعتوں میں اڈپی کے کلاسنکا اور امباگیلو نامی مقامات کے درمیان واقع تین دکانوں میں چوری کی وارداتیں پیش آئی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق صبح ۳ اور ۴ بجے کے دوران ایک سیمنٹ ڈیلر،ایک فوٹو اسٹوڈیوا ورایک جیویلری دکان میں یہ وارداتیں انجام دی گئی ہیں۔ تینوں دکانوں کے شٹر توڑ کرچور اندر داخل ہوئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ فوٹو اسٹوڈیومیں سے کوئی چیز غائب نہیں پائی گئی ہے۔جبکہ دیپک جیویلرس نامی دکان سے2.5 کلو گرام چاندی کے زیورات اور دیگر چیزیں چرالی گئی ہیں جس کی مالیت 1.5لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔اسی طرح الٹراٹیک سیمنٹ ڈیلر کی دکان سے صرف 20ہزار روپے نقدی چرالی گئی ہے اور لیپ ٹاپ سمیت باقی قیمتی اشیاء کو ہاتھ بھی نہیں لگایا گیا ہے۔
ان دکانوں کے سامنے واقع مکان میں لگے سی سی کیمرے سے ملے فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مال برادر(گوڈس) رکشہ ان دکانوں کے سامنے آکر رکتا ہے اور اس میں سے دو افراد باہر نکلتے ہیں۔اس سے آگے کی کوئی بات پتہ نہیں چلتی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ فوٹو اسٹوڈیو اور جیویلری شاپ کے مالکان اسی بلڈنگ کے اوپری منزلے پر رہائش پذیر ہیں۔ لیکن چوروں نے ان کے گھروں کے دروازوں پر باہر سے کنڈی لگادی تھی۔اس کے علاوہ گہری نیند میں ہونے کی وجہ سے کسی کو بھی کوئی آواز سنائی دی تھی۔چوری کی واردات کا پتہ انہیں صبح ہی ہوسکا ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کمار سوامی، پولیس انسپکٹر نویندرا جوگی اور دیگر افسران نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔